میرپورخاص:صارفین کو پٹرول پر ریلیف حاصل کرنے میں مشکلات
سسٹم کام نہ کرنے کا عذر پیش اور شناختی کارڈ بھی طلب کیا جارہا، نوٹس لیا جائے ، شہری
میرپورخاص (بیورو رپورٹ) وزیراعظم کی جانب سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے شروع کی گئی پٹرول سبسڈی اسکیم کے باوجود میرپورخاص کے شہریوں کو شدید مشکلات اور تضحیک آمیز رویے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پٹرول سبسڈی سے فائدہ اٹھانے کے لیے شہریوں کو مختلف پٹرول پمپس پر گھنٹوں طویل قطاروں میں کھڑے رہنا پڑتا ہے ، شدید گرمی اور دھوپ میں انتظار کرنے کے باوجود بعض شہریوں کو بروقت پٹرول فراہم نہیں کیا جاتا۔ شہریوں کے مطابق بعض پٹرول پمپس پر سبسڈی کے تحت پٹرول حاصل کرنے والوں سے شناختی کارڈ کی کاپی بھی طلب کی جا رہی ہے جبکہ بعض مقامات پر پمپ ملازمین کی جانب سے سسٹم کام نہ کرنے کا عذر پیش کرکے شہریوں کو بار بار چکر لگوائے جا رہے ہیں۔ بعض افراد صبح سویرے پٹرول حاصل کرنے پمپس پر پہنچتے ہیں تاہم انہیں پٹرول فراہمی کے لیے 11 بجے سے شام 4 بجے تک کا وقت دیا جاتا ہے ۔ شہریوں نے کہا حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سبسڈی اسکیم اچھا اقدام ہے تاہم اگر شہریوں کو شدید گرمی میں گھنٹوں قطاروں میں کھڑا ہو کر ذلت اور اذیت برداشت کرنا پڑے تو اسکیم کے مقاصد متاثر ہوتے ہیں۔ شہریوں نے وفاقی حکومت، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرول سبسڈی کی فراہمی کے عمل کی مؤثر نگرانی کی جائے ، شہریوں کو غیرضروری انتظار اور بدسلوکی سے نجات دلائی جائے اور سبسڈی کا فائدہ باعزت شفاف اور آسان طریقے سے عوام تک پہنچایا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments