حیدر آباد:ادارہ ترقیات، ہاؤسنگ اسکیمیں بنیادی سہولتوں سے محروم
اربوں روپے جمع ہونے کے باوجود مختلف اسکیموں میں کوئی انفرا اسٹرکچر نہیں بنایا گیا25، 30سال گزر جانے کے باوجود الاٹیز اپنے پلاٹوں کے حصول کیلئے پریشان ہیں
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)لطیف آباد کوہسار زون میں ادارہ ترقیات حیدرآباد کی جانب سے بنائی جانے والی مختلف ہاؤسنگ اسکیموں میں الاٹیز کے اربوں روپے کی رقم برسوں سے جمع ہونے کے باوجود نہ تو ان اسکیموں پر کوئی انفرا اسٹرکچر بنایا گیا ہے نہ ہی بنیادی سہولیات موجود ہیں ، 25سے 30 سال گزر جانے کے باوجود الاٹیز اپنے پلاٹوں کے حصول کیلئے پریشان ہیں ، ادھر حکمراں جماعت کے بااثر افراد کی ایما پر لینڈ مافیا پلاٹوں پر قبضے کرنے میں مصروف ہے ۔ ایچ ڈی اے کی انتظامیہ نہ تو انہیں تسلی بخش جواب دیتی ہے اور نہ ہی کسی بھی قسم کے تعمیراتی کام کئے جارہے ہیں۔ ادارہ ترقیات کی جانب سے کوہسار زون لطیف آباد میں سب سے بڑی ہاؤسنگ اسکیم گلستان سرمست ہے جس میں مختلف سائز کے 38ہزار پلاٹس ہیں اور پلاٹوں کی بکنگ اور اقساط کی مد میں ادارہ ترقیات حیدرآباد 12ارب 36کروڑ روپے وصول کرچکا ہے لیکن 18 سال گزر جانے کے باوجود اس اسکیم پر ایک پلاٹ بھی تعمیر نہیں ہوسکا، نہ تو وہاں روڈ، راستے ہیں اور نہ ہی دیگر بنیادی سہولیات ہیں۔ الاٹیز کو یہ تک بھی نہیں پتہ کہ ان کا پلاٹ کس جگہ موجود ہے ، ادھر کوہسار کی مختلف ہاؤسنگ اسکیموں پر لینڈ مافیا بھی سرگرم ہے جوکہ حکمراں جماعت کے بااثر افراد کی ایما پر پلاٹوں ، رفاہی اور کمرشل پلاٹوں پر قبضے کرنے میں مصروف ہے ، پولیس اور ادارہ ترقیات حیدرآباد کے افسران اس مافیا کے سامنے بے بس ہیں کیونکہ خودحکمراں جماعت کے سرکردہ افراد اور پیپلزپارٹی کے ذمہ داران اس قبضہ مافیا کی پشت پناہی کررہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments