کے الیکٹرک نے مافیائی طرز اختیار کر لیا ،منعم ظفر

کے الیکٹرک نے مافیائی طرز اختیار کر لیا ،منعم ظفر

گیس کی کمی کا جواز بنا کر شہر بھر میں جاری لوڈشیڈنگ میں اضافہ عوام پرظلمکے الیکٹرک کی نااہلی اور ناقص کارکردگی کی سزا اہل کراچی بھگت رہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کے الیکٹرک کی جانب سے گیس کی کمی کا جواز بنا کر شہر بھر میں جاری لوڈشیڈنگ میں اضافے اور لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی بجلی کی بندش کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اہلِ کراچی پر کے الیکٹرک کا ایک اور ظلم قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی نااہلی اور ناقص کارکردگی کی سزا کراچی کے عوام بھگت رہے ہیں۔ کراچی میں کے الیکٹرک نے مافیائی طرز اختیار کر لیا ہے اور اے ٹی اینڈ سی لاسز کے نام پر 18، 18 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے ۔ بجلی چوری کرنے والوں کو پکڑنا کے الیکٹرک کی ذمہ داری ہے۔

اگر کسی علاقے میں 2 یا 3 فیصد لوگ بجلی کے بل ادا نہیں کر رہے تو اس کی سزا پوری پوری آبادیوں کو کیوں دی جاتی ہے ؟ کے الیکٹرک کی نجکاری کو 20 سال گزرنے کے باوجود ادارہ کراچی کے عوام کو بلاتعطل بجلی فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوا ہے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ نیپرا فوری نوٹس لے کر کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کرے ، کراچی کے عوام کو نیشنل گرڈ سے براہِ راست سستی اور بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے اور کے الیکٹرک کا فارنزک آڈٹ کرایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک نجی ادارہ ہونے کے باوجود سالانہ 125 ارب روپے سے زائد سبسڈی کے نام پر وصول کر رہی ہے ، جبکہ نیپرا کے قوانین کے برخلاف بجلی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی کی سزا اجتماعی طور پر دی جا رہی ہے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...