جامعہ کراچی اور پاکستان پیسٹ مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے درمیان معاہدہ
کراچی (آئی این پی)جامعہ کراچی کے شعبہ ایگری کلچر اینڈ ایگری بزنس مینجمنٹ اور پاکستان پیسٹ مینجمنٹ ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے )کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
اس اشتراک کا مقصد طلبہ کو انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرنا، عوام میں حشرات و ضرر رساں جانداروں کے پائیدار اور ماحول دوست تدارک کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا، اور تحقیق، جدت طرازی اور پائیدار پیسٹ مینجمنٹ کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کرنا ہے ۔ یہ اقدامات تعلیمی اداروں اور معاشرتی سطح پر انجام دیے جائیں گے ۔مفاہمتی یادداشت کا بنیادی مقصد ایسے جدید طریقہ ہائے انسدادِ حشرات و ضرر رساں جاندار وضع کرنا ہے جو صحتِ عامہ کے تحفظ اور ماحول کی بہتری میں معاون ثابت ہوں۔ پاکستان پیسٹ مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے صدر اشرف ستار آدم جی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت سرکاری اور نیم سرکاری سطح پر اس صنعت کی نگرانی کرنے والا کوئی ادارہ موجود نہیں، جس کے باعث یہ شعبہ حکومتی عدم توجہی کا شکار ہے ۔ ایسی صورتِ حال میں پاکستان پیسٹ مینجمنٹ ایسوسی ایشن ایک نجی نگران ادارے (پرائیویٹ ریگولیٹری اتھارٹی)کا کردار ادا کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی پی ایم اے ، جامعہ کراچی کے شعب ایگری کلچر اینڈایگری بزنس مینجمنٹ کے طلبہ کو منظم انٹرن شپ پروگراموں کے ذریعے عملی تجربات حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments