ایچ ون این ون وائرس کا پھیلاؤ، فلو کے مریضوں میں اضافہ

ایچ ون این ون وائرس کا پھیلاؤ، فلو کے مریضوں میں اضافہ

یومیہ درجنوں کیسز رپورٹ،کمزور قوت مدافعت والے افراد کو زیادہ خطرہرواں سال انفلوئنزا کے 400کیسز ،ڈاکٹرز کی احتیاطی تدابیر کی ہدایت

کراچی (آئی این پی)شہر قائد میں ایچ ون این ون وائرس پھیلنے لگا جبکہ فلو کے مریضوں میں تقریباً دوگنا اضافہ ہوگیا۔کراچی میں موسم کی تبدیلی اور رات کے وقت درجہ حرارت میں کمی کے ساتھ فلو جیسی علامات کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے ۔شہر کے بڑے سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد تقریباً دوگنا ہوگئی جبکہ ڈاکٹرز نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی۔جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی)کے شعبہ ایمرجنسی کے سربراہ ڈاکٹر عرفان صدیقی کے مطابق اسپتال میں فلو جیسی علامات کے حامل 70 سے 80 مریض روزانہ آرہے ہیں، جبکہ پہلے یہ تعداد 30 سے 40 تھی۔اسی طرح ڈاکٹر رتھ فاؤ سول اسپتال کراچی میں بھی فلو کے مریضوں کی یومیہ تعداد 15 سے 20 سے بڑھ کر 30 سے 40 تک پہنچ گئی ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بچوں، بزرگوں اور کمزور قوت مدافعت رکھنے والے افراد کو سانس کی بیماریوں سے پیچیدگیوں کا زیادہ خطرہ ہے ۔ڈاکٹرز نے شہریوں کو رش والی جگہوں پر ماسک پہننے ، ہاتھ بار بار دھونے ، بیمار افراد سے قریبی رابطے سے گریز اور مناسب آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔دوسری جانب رواں سال انفلوئنزا کے تقریباً 400 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ متعدی امراض کے ماہر پروفیسر ڈاکٹر فیصل محمود کے مطابق انفلوئنزا اے کی قسم H1N1 بھی گردش کر رہی ہے ۔H1N1 انفلوئنزا کی ایک قسم ہے جو بعض مریضوں میں نمونیا سمیت سنگین پیچیدگیوں کا سبب بن سکتی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...