لاڑکانہ:جے یوآئی اجلاس آج، شہید اسلام کانفرنس پر غور ہوگا
قنبر، لاڑکانہ، خیرپور، کندھکوٹ، شکار پور، جیکب آباد کے امرا بھی شریک ہونگےمولانا کی اسلام آباد میں رہائشگاہ کی ڈرون سے نگرانی صحافتی اصولوں کے منافی، رہنما
لاڑکانہ(بیورورپورٹ)جمعیت علماء اسلام ضلع لاڑکانہ کے امیر علامہ ناصر خالد محمود سومرو اور جنرل سیکریٹری محبت علی کھوڑو نے بیان میں کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام سندھ کے امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی کی صدارت میں آج 4 نومبر دوپہر ایک بجے جامعہ اسلامیہ لاڑکانہ میں مشترکہ اجلاس طلب کرلیا گیا ہے ، جس میں لاڑکانہ اور قنبر شہداد کوٹ کے امرا، نظما عمومی شرکت کرینگے ، اس کے علاوہ دادو، جیکب آباد، شکارپور، کشمور کندھکوٹ اور خیرپور ے امرا و نظما عمومی بھی اجلاس میں شریک ہونگے ، اجلاس میں امن عالم اجتماع کے سلسلے میں صوبائی دورے اور شہیدِ اسلام کانفرنس کو بھرپور طریقے سے کامیاب بنانے کیلئے حکمت عملی مرتب کی جائیگی، جبکہ جماعت کے تنظیمی امور پر بھی غور کیا جائے گا۔
انہوں نے نجی چینل کی جانب سے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن کی اسلام آباد میں واقع نجی رہائش گاہ کی ڈرون سے نگرانی کے عمل پر کہا کہ کسی بھی سیاسی و مذہبی رہنما کی نجی رہائش گاہ کی اس انداز میں نگرانی انتہائی قابلِ اعتراض، غیرذمہ دارانہ اور شہری آزادیوں کے منافی ہے ، صحافت کے نام پر کسی کی چادر و چار دیواری اور نجی زندگی کی حرمت پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات میں اس نوعیت کے اقدامات مزید تشویش اور سوالات کو جنم دیتے ہیں، آزادیٔ صحافت ذمہ داری، اخلاقی اقدار اور قانونی حدود کی پابندی کا نام ہے ، کسی کی نجی زندگی میں مداخلت یا اسے میڈیا کا موضوع بنانے کا نہیں، آئینِ پاکستان کا آرٹیکل 14 ہر شہری کی عزتِ نفس اور گھر کی حرمت کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments