خالی پلاٹ پر قائم پرانے کپڑوں کے گودام میں آتشزدگی
فائر بریگیڈ کو دشوار گزار راستے کے باعث رسائی میں دشواری کا سامنا رہا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)عائشہ منزل، عرشی شاپنگ سینٹر کے قریب رہائشی فلیٹ میں آگ لگ گئی۔ترجمان ریسکیو 1122 سندھ کے مطابق اطلاع موصول ہوتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی اور فلیٹ میں لگی آگ پر قابو پانے کی کارروائی شروع کر دی تاہم نصف گھنٹے کی مسلسل جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پا کر کولنگ کردی گئی حکام کے مطابق واقعہ میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تاہم آگ لگنے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ علاوہ ازیں سہراب گوٹھ مچھر کالونی میں خالی پلاٹ پر قائم گوداموں میں آگ لگ گئی۔
حکام کے مطابق خالی پلاٹ پر قائم پرانے کپڑوں کے گودام میں لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پلاٹ پر موجود پلاسٹک، گتے اور دیگر پرانے سامان کے سات سے زائد گوداموں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور کے ایم سی کے مجموعی طور پر پانچ فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچے ، فائر بریگیڈ حکام کے مطابق دشوار گزار راستے کے باعث گوداموں تک رسائی میں دشواری کا سامنا رہا تاہم تین گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ بجھا کر کولنگ کا عمل شروع کر دیا گیا۔متاثرہ گودام مالکان کے مطابق پلاٹ پر کپڑے اور پرانے سامان کے 50 سے زائد گوداموں کے ساتھ ایک درجن سے زائد مویشیوں کے باڑے بھی قائم ہیں، واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments