پاکستان چوک پارک کی تزئین و آرائش مکمل
تاریخی مقامات کو اصل شناخت کے مطابق بحال کرنا چاہتے ہیں،میئر آرام باغ کو بھی ماڈل پارک بنایا جائے گا، مرتضیٰ وہاب کی میڈیا سے گفتگو
کراچی (این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع جنوبی کے صدر ٹاؤن میں پاکستان چوک (سہ رخی چورنگی) کے پارک اور تفریحی مقام کی تزئین و آرائش مکمل ہونے کے بعد منصوبے کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، کے ایم سی سٹی کونسل میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ انتظامیہ کی کوشش ہے کہ شہر کے تاریخی مقامات کو ان کی اصل شناخت کے مطابق بحال کیا جائے اور شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جائے۔ آرام باغ کو بھی ماڈل پارک بنایا جائے گا، جہاں روزانہ بڑی تعداد میں شہریوں کی آمدورفت رہتی ہے۔
پاکستان چوک صرف ضلع جنوبی کا نہیں بلکہ پورے کراچی کا مقام ہے ، اس لیے اس کی حفاظت اور دیکھ بھال بھی تمام شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔میئر کراچی نے کہا کہ عوامی مقامات کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے مقامی رہائشیوں، دکانداروں اور شہریوں کا تعاون ضروری ہے ۔ جب لوگ ان جگہوں کو اپنا سمجھ کر استعمال کریں گے اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیں گے تو عوامی مقامات پر غیر ضروری قبضوں کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ انتظامیہ چاہتی ہے کہ شہر میں عوامی مقامات پر سرگرمیاں بڑھیں، جس سے مقامی کاروبار اور شہریوں کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوسکے ۔انہوں نے برنس روڈ کی بہتری کے حوالے سے بھی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں ترقیاتی کام کیے جائیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments