رینجرز کا اعلیٰ سطح کا اجلاس : انیٹلی جنس بیسڈ آپریشنز بڑھانے کا فیصلہ

رینجرز کا اعلیٰ سطح کا اجلاس : انیٹلی جنس بیسڈ آپریشنز بڑھانے کا فیصلہ

قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ آپریشنز مؤثر بنانے ، داخلی اور خارجی راستوں پر نگرانی اور چیکنگ سخت کرنے کی ہدایات اجلاس میں قیام امن کیلئے اسلحے کی غیر قانونی ترسیل، بھتہ خوری اور دیگر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کے لیے لائحہ عمل پر بھی غور

کراچی (این این آئی)کراچی سمیت سندھ بھر میں امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے ، دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مؤثر بنانے اور حساس تنصیبات کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے پاکستان رینجرز سندھ کے ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ سطح کا سکیورٹی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈی جی رینجرز سندھ نے کی۔ اجلاس میں شہر کی مجموعی سکیورٹی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطوں اور مشترکہ کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

پاکستان رینجرز سندھ کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، جوائنٹ ڈی جی انٹیلی جنس بیورو، چیف کوآرڈینیٹر پیفٹیک، ڈی آئی جیز اسپیشل برانچ اور دیگر حساس اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بالخصوص کراچی میں امن و امان کی صورت حال مزید بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔ اس سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشت گردوں اور شرپسند عناصر کے خلاف مشترکہ آپریشنز مؤثر بنانے ، شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر نگرانی اور چیکنگ کا عمل سخت کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

شرکائنے حساس تنصیبات کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ اور کومبنگ آپریشنز کے ساتھ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں بھی اضافہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اسلحے کی غیر قانونی ترسیل، بھتہ خوری اور دیگر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کے لیے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں بھتہ خوری سے متعلق غیر مصدقہ اطلاعات اور رپورٹس کی روک تھام کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، تاکہ درست معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے عادی مجرموں اور جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف مؤثر اقدامات یقینی بنائے جاسکیں۔

اجلاس میں واضح کیا گیا کہ کسی بھی فرد یا گروہ کو شہر کا امن و امان خراب کرنے یا قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور قانون کی بالادستی کے ساتھ ریاستی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی۔ترجمان پاکستان رینجرز سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی شرپسند عنصر، مشکوک سرگرمی یا ناخوشگوار واقعے کی فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جاسکے ۔ شہری موقع پر موجود رینجرز اہلکاروں کو اطلاع دینے کے علاوہ رینجرز ہیلپ لائن **1101** یا مددگار واٹس ایپ نمبر **03479001111** پر کال اور ایس ایم ایس کے ذریعے بھی معلومات فراہم کرسکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...