حکام کو لاپتا شہری کی بازیابی کیلئے سنجیدہ کوشش کرنے کی ہدایت
محض خط و کتابت شروع کرنا شہریوں کی بازیابی کے لیے کافی نہیں، سندھ ہائی کورٹ محکمہ داخلہ سے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب،غیر ضروری تاخیر ختم کرانے کی ہدایت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے منگھوپیر سے لاپتا شہری سیف اللہ کی بازیابی کے لیے متعلقہ حکام کو سنجیدہ کوششیں کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمہ داخلہ سندھ سے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کرلی۔ سندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی آئینی بینچ نے لاپتا شہری سیف اللہ کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔ تفتیشی افسر ڈی ایس پی شاکر علی نے عدالت کو بتایا کہ شہری کی تلاش کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دینے کے سلسلے میں خط لکھا گیا ہے ، تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے تاحال جواب موصول نہیں ہوا۔ عدالت نے محکمہ داخلہ سندھ سے آئندہ سماعت تک رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ جے آئی ٹی تشکیل دینے کے لیے متعلقہ حکام سے کی گئی خط و کتابت کی تفصیلات بھی پیش کی جائیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ لاپتا افراد کے مقدمات بنیادی حقوق اور شہریوں کی سلامتی کی ریاستی ذمہ داری سے متعلق سنگین خدشات پیدا کرتے ہیں۔ متعلقہ حکام لاپتا شہری کا سراغ لگانے کے لیے سنجیدگی سے کوششیں کریں، محض خط و کتابت شروع کرنا شہریوں کی بازیابی کے لیے کافی نہیں۔ عدالت نے محکمہ داخلہ سندھ کے فوکل پرسن کو عدالتی احکامات تمام متعلقہ حکام تک پہنچانے اور متعلقہ محکموں کے درمیان رابطوں میں غیر ضروری تاخیر ختم کرانے کی بھی ہدایت کی۔ عدالت نے مزید سماعت 31 دسمبر تک ملتوی کردی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments