سندھ کیلئے درآمدی گندم کسان دشمن پالیسیوں کانتیجہ، ارسلان خالد
حکمرانوں نے کسانوں سے گندم خریدی، نہ محنت کاجائز معاوضہ دیا، پی ٹی آئی رہنما
کراچی (اسٹاف رپورٹر)تحریک انصاف کراچی کے جنرل سیکریٹری ارسلان خالد نے رومانیہ سے درآمد گندم کی بڑی کھیپ پورٹ قاسم پہنچنے پر وفاقی وصوبائی حکومتوں کوتنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ زراعت کے حوالے سے اہم صوبے سندھ کوغیر ملکی گندم فراہم کرنا حکومتی کسان دشمن پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔ ارسلان خالد نے کہا کہ رومانیہ سے 54 ہزار 983 ٹن گندم لے کر بلک کیریئر کاکراچی پہنچنا اور ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کی جانب سے اب تک مجموعی طور پر 2 لاکھ 73 ہزار 603 ٹن گندم درآمد کیا جانا حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ حکمرانوں نے مقامی کسانوں سے گندم نہ خرید کر اور انہیں محنت کا جائز معاوضہ نہ دیکر ملک کی زراعت کوتباہ کردیا۔
جبکہ دوسری جانب قیمتی زرمبادلہ غیر ملکی گندم کی خریداری پر خرچ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں گندم کی یومیہ کھپت زیادہ ہونے کے باوجود شہری مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔ پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری نے مطالبہ کیا کہ زراعت میں خود کفیل ملک کو گندم کا درآمد کنندہ بنانے اور گندم کی درآمد کے معاملے میں مبینہ کرپشن کے ذمہ داروں کو بے نقاب کیا جائے ۔ حکومت فوری مقامی کسانوں کو ریلیف دے ، آٹے کی قیمتوں میں استحکام یقینی بنائے اور کسانوں کا معاشی قتل بند کرے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments