عالمی رینکنگ میں تنزلی، پانچ جامعات کے وائس چانسلرز سے وضاحت طلب
کراچی(این این آئی)صوبائی وزیر جامعات و بورڈز محمد اسماعیل راہو نے سندھ کی پانچ بڑی سرکاری جامعات کی عالمی درجہ بندی میں مسلسل تنزلی اور ابتدائی ایک ہزار جامعات کی فہرست سے باہر ہونے کی خبروں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
صوبائی وزیر نے جامعہ کراچی، این ای ڈی یونیورسٹی، ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، سکھر آئی بی اے اور مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلرز سے فوری طور پر تحریری وضاحت طلب کرلی ہے ، جبکہ سیکریٹری جامعات کو غفلت کے مرتکب وائس چانسلرز کے خلاف ضابطے کے مطابق سخت کارروائی کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی ہے ۔اسماعیل راہو نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے اربوں روپے کی سالانہ گرانٹس فراہم کیے جانے کے باوجود جامعات کی تعلیمی اور تحقیقی کارکردگی میں کمی اور عالمی درجہ بندی میں تنزلی کسی صورت قابل قبول نہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ جامعات اپنی کارکردگی اور عالمی درجہ بندی میں تنزلی کے اسباب پر مشتمل جامع رپورٹ جلد از جلد محکمہ جامعات کو پیش کریں، تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیا جاسکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments