مہنگی گاڑیاں رکھنے والے300ڈاکٹروں کو نوٹسز

مہنگی گاڑیاں رکھنے والے300ڈاکٹروں کو نوٹسز

ایف بی آر نے تحقیقات شروع کر دیں،1300 سی سی سے زائد گاڑیوں والے ڈاکٹروں سے ذرائع آمدن اور اخراجات کی تفصیلات طلب کر لیں گاڑیوں کا ڈیٹا محکمہ ایکسائز سے لے لیا گیا،محکمے اور ایف بی آر کو جمع کرائے گئے اثاثوں کی تفصیل بھی بتانا ہو گی،ڈاکٹروں کو 15 روز کی مہلت دیدی گئی

لاہور(شبیر حیدر ظفر)ایف بی آر نے لگژری گاڑیاں رکھنے والے ڈاکٹروں کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں 1300 سی سی سے زائد گاڑیاں رکھنے والے 300 ڈاکٹروں کو نوٹسز جاری کرکے تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق تمام ڈاکٹروں کی گاڑیوں کی تفصیلات محکمہ ایکسائز سے حاصل کی جا چکی ہیں۔ پہلے مرحلے میں ڈاکٹروں سے گاڑیاں خریدنے کیلئے ذرائع آمدن کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں،انکی اپنی آمدن کیا ہے ، وہ کیا تنخواہ لے رہے ہیں اور انکے گھر کے اخراجات کیا ہیں اور انہوں نے گاڑیاں کیسے خریدی ہیں، تنخواہوں کے علاوہ انکی ذرائع آمدن کیا ہے ۔ انہوں نے تاحال اپنے متعلقہ ڈیپارٹمنٹ اور ایف بی آر کو کیا اثاثے ظاہر کئے ہیں۔ذرائع کے مطابق ان ڈاکٹروں کے گرد شکنجہ مزید سخت کرنے کے حوالے سے پلان تیار کیا جا رہا ہے ،تمام ڈاکٹروں کو تفصیلات فراہم کرنے کیلئے پندرہ روز کی مہلت دی گئی ہے ۔ اگر پندرہ روز میں تفصیلات فراہم نہ کی گئیں تو انکے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں