آئی ایم ایف شرائط کی تفصیلات عوام کے سامنے رکھیں:سراج الحق

 آئی ایم ایف شرائط کی تفصیلات عوام کے سامنے رکھیں:سراج الحق

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر ،سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم آئی ایم ایف کے وفد کے سامنے سجدہ ریز ، اس سے بڑھ کر قوم کی اور کیا تضحیک ہو سکتی ہے ۔

 آئی ایم ایف کی شرائط قبول نہیں ، 10 جنوری کوشروع تین روزہ مہنگائی مارچ میں عوام کا سمندر لاہور سے اسلام آباد جائے گا ، عالمی مالیاتی ادارے کی شرائط کی مکمل تفصیل عوام کے سامنے رکھی جائے ۔ وہ کراچی میں اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے سالانہ اجتماع ارکان سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر لیاقت بلوچ، امیرالعظیم، حافظ نعیم الرحمن نے بھی خطاب کیا۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ ملک پاکستان تاریخ کے مہنگے ترین دور سے گزر رہا ہے ، زرداری اور شہباز شریف نے غریب کو قبر میں اتار دیا ، اگر یہ دونوں جاپان میں بھی ہوتے تو اسے بھی تباہ کردیتے ۔ عوام کا پیمانہ صبر لبریز ہوگیا، انہیں کرپٹ نظام اور اس کے محافظوں سے نجات چاہیے ۔

نوجوان آئندہ الیکشن میں کرپٹ سیاست دانوں کیلئے سیاسی موت ثابت ہوں گے ۔سراج الحق نے کہا کہ استعماری طاقتیں مقبوضہ کشمیر میں استصواب رائے کے مسئلہ پر خاموش ہیں ، استعمار کے وفاداروں نے وسائل سے مالا مال پاکستان کو دنیا بھر میں تماشا اورعوام کو بھکاری بنا دیا۔ آئندہ الیکشن میں کرپٹ حکمرانوں کا صفایا ہوجائے گا۔ خیبر پختونخوا میں بدامنی کے خلاف 8 فروری کو کے پی بچاؤ مارچ ہوگا۔  واضح رہے کراچی میں جاری اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے سالانہ اجتماع کا بنیادی ایجنڈا آئندہ سال کے لیے جمعیت کے مرکزی ناظمِ اعلیٰ کا انتخاب ہے ، دو ہزار سے زائد ارکان جمعیت نئی قیادت کا انتخاب خفیہ ووٹنگ کے ذریعے کرینگے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں