پارکس ، باغات کی مرمت کیلئے 1ارب فنڈز کی منظوری
لاہور(سٹاف رپورٹر سے)پی ایچ اے کی استدعا پر پارکس کی مرمت و بحالی کے لئے ایک ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔
گزشتہ پانچ برسوں میں پارکس کے آپریشن اینڈ مینٹی ننس پر ایک روپیہ بھی حکومت نے خرچ نہ کیا، شہباز دور حکومت کے مالی سال 2015-16 میں پارکوں کی تزئین و آرائش کے لیے 24 کروڑ 22 لاکھ روپے دیئے گئے، مالی سال 2016-17 میں پارکس کے لیے 28 کروڑ 50 لاکھ پی ایچ اے کو منتقل ہوئے، مالی سال 2017-18 میں پی ایچ اے کو 30 کروڑ روپے کے فنڈز پنجاب حکومت نے دیئے، 2018 سے 2022 تک پارکس میں مرمت و بحالی کے لئے کوئی فنڈز نہ ملے، فنڈز نہ ملنے کے سبب پی ایچ اے کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈی جی پی ایچ اے محمد طاہر وٹو کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے ایک ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی ہے ، شہر کے سات سو پارکس میں ترجیحی بنیادوں پر مرمت اور بحالی کا کام کیا جائے گا۔