پولیو کا جعلی ڈیٹا بھجوانے والے عملہ کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

لاہور(سپیشل رپورٹر)صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اجلاس سول سیکرٹریٹ میں ہوا جس میں جعلی ڈیٹا بھجوانے والے عملہ کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ ڈاکٹر جاوید اکرم اورچیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ وزیر پرائمری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے ۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا پولیو کے جعلی اعدادوشمار جمع کر انے پر راولپنڈی میں پانچ اہلکاروں کو معطل کیا گیا ہے اور معطل کئے جانے والے پولیو ٹیم ذمہ داروں کے خلاف انکوائری کی جا رہی ہے ۔ چیف سیکرٹری نے کہا صوبہ کے 36 اضلاع میں دو کروڑ 20 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لئے خصوصی مہم 27 نومبر سے یکم دسمبر تک جاری رہے گی،پولیو کا خاتمہ قومی ایجنڈا ہے۔ اجلاس میں لاہور میں پولیو کے قطرے پینے سے رہ جانے والے بچوں کے معاملات کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔محکمہ صحت کے حکام نے بریفنگ میں بتایا پاکستان میں اس سال پولیو کے پانچ کیس رپورٹ ہوئے ہیں،تین کیس کراچی جبکہ 2خیبر پختونخوا سے رپورٹ ہوئے ۔ اجلاس میں صوبے میں ڈینگی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا نومبر میں ڈینگی مریضوں کی تعداد میں اضافہ سامنے آرہا ہے جو کہ غیر معمولی امر ہے۔