گاڑیوں کیلئے سگنل فری کوریڈور،پیدل افرادکیلئے سہولت ناپید

گاڑیوں کیلئے سگنل فری کوریڈور،پیدل افرادکیلئے سہولت ناپید

لاہور (سٹاف رپورٹر سے) گاڑیوں کی تیز رفتاری کیلئے سگنل فری کوریڈور جبکہ پیدل چلنے والوں کیلئے کوئی سہولت نہیں دی گئی۔

ایل ڈی اے کی طرف سے نگران دور اقتدار میں نظریہ پاکستان روڈ اور مولانا شوکت علی روڈ کو سگنل فری بنایا گیا،کریم بلاک سگنل سے پیکو روڈ تک تمام سگنلز کو ختم کرکے یوٹرنز بنائے گئے ۔ اکبر چوک ری ماڈلنگ منصوبے میں پیدل چلنے والوں کیلئے سہولیات دینا تھیں لیکن منصوبے ادھورے چھوڑ دئیے گئے ۔ شہر میں5پیڈیسٹرین برجز تعمیر کرنے کا منصوبہ کھٹائی میں پڑ گیا۔پنجاب حکومت نے تعمیر کی ذمہ داری ٹیپا کو تفویض کی۔ لبرٹی چوک ،وحدت روڈ اور اللہ ہو چوک خیابان فردوسی پر پیڈیسٹرین برج تعمیر کئے جانے تھے ۔سگیاں روڈ پر دو پیڈیسٹرین برج کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا۔5 پل تعمیر کرنے کیلئے 59 کروڑ 79 لاکھ 13 ہزار 513 روپے کا تخمینہ لگایا گیا۔لبرٹی چوک میں طویل اور مہنگا پیڈیسٹرین پل تعمیر کیا جانا تھا،ٹینڈر کے بعد کام شروع ہی نہ کیا گیا۔ اللہ ہو چوک اور وحدت روڈ پر پیڈیسٹرین پل کے کالم تعمیرکئے گئے لیکن کام بند ہوگیا۔ گزشتہ 5 برس میں صرف ایک پیڈیسٹرین پل تعمیر ہوسکا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں