3 اضلاع میں سفید موتیا کے مفت آپریشن کی تیاری

3 اضلاع میں سفید موتیا کے مفت آپریشن کی تیاری

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے)وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے بتایا کہ آسٹریلیا کی فریڈ ہالوز فاؤنڈیشن پنجاب کے 3 پسماندہ اضلاع بہاولپور۔۔۔

 لودھراں اور وہاڑی میں چار سال کے دوران 30 لاکھ ڈالر کی لاگت سے آنکھوں کے علاج کے لئے جدید آلات اور دیگر سہولتیں مہیا کرے گی، جس سے ان اضلاع کی 80 لاکھ سے زیادہ آبادی مستفید ہو گی۔ ان اضلاع کے ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہسپتالوں میں سفید موتیا کے آپریشن مفت کئے جائیں گے، علاج کر انے والوں کو نزدیک کی نظرکے چشمے بھی مفت فراہم کئے جائیں گے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے بتایا اس مقصد کے لئے ایم او یو پر دستخط کر دئیے گئے، پروگرام پر عمل درآمد کے لئے تمام تیاریاں مکمل ہیں اور یکم دسمبر سے اس پر کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے بتایا ان اضلاع میں زرعی شعبے اور گارمنٹس فیکٹریوں میں کام کرنے والی خواتین کو خصوصی طور پر آنکھوں کے علاج کی سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔پروگرام پر عمل درآمد کے لئے محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر، کالج آف آفتھلمالوجی اینڈ الائیڈ وژن سائنسز، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہوراور فریڈ ہالوز فاؤنڈیشن آسٹریلیا مشترکہ طور پر کریں گے۔ سپیشل سیکرٹری ہیلتھ محمد اقبال، کے ای یونیورسٹی کے پروفیسر محمد معین اور فریڈ ہالوز فاؤنڈیشن کے فاروق اعوان نے ایم او یو پر دستخط کئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں