چیئرمین پیڈمک کی زیرصدارت بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس

چیئرمین پیڈمک کی زیرصدارت بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس

لاہور(سٹاف رپورٹر)چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال کی زیرصدارت بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 164 واں اجلاس ہوا، بورڈ نے رحیم یار خان اور ملتان انڈسٹریل اسٹیٹ فیز ٹو کے توسیعی منصوبے کی منظوری دے دی۔۔۔

 کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے تحت نوجوان طلبہ و طالبات کے لئے گریجوایٹ ٹرینی پروگرام شروع کیا جائے گا۔پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ نے بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ میں زیرو پوائنٹ تک گیس کی فراہمی کے لئے معاہدہ کرنے ، بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹ کے لئے اوگرا کا لائسنس حاصل کرنے اور سندر انڈسٹریل اسٹیٹ سے ملحقہ متروکہ وقف املاک کی اراضی حاصل کرنے کے لئے رسمی کارروائی شروع کرنے کی منظوری دے دی۔ پیڈمک کے زیر انتظام انڈسٹریل اسٹیٹس کے مسائل فوری حل کرنے کے لئے اسٹیٹ افیئرز کمیٹی اور مالی معاملات کی نگرانی کے لئے فنانس کمیٹی بنانے کی منظوری دی گئی۔ بورڈ نے سی ای او پیڈمک کی بھرتی کے لئے معیار میں ترامیم اور چیف فنانشل آفیسر و کمپنی سیکرٹری کی تنخواہوں کی حد مقرر کرنے کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں پیڈمک کا ہیڈ آفس سندر انڈسٹریل اسٹیٹ سے لاہور شہر میں منتقل کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال نے کہا صنعتکاروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور ان کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں تاکہ صنعتکار اپنے مسائل پیڈمک کے ذمہ ڈال کر صرف اپنی صنعتوں کو چلانے اور معیشیت کو بہتر بنانے پر مکمل توجہ دیں۔اجلاس میں ساجد سلیم منہاس، میاں نعمان کبیر، محمد احمد خان، ڈاکٹر شاہد رضا ، سہیل اظہر، سی ای او پیڈمک علی معظم سیدسمیت محکمہ صنعت ، لیبر اورٹیوٹا کے متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں