سٹیٹ بینک اور پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے اہم اقدامات
لاہور(سٹاف رپورٹر) گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان نے سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی جس کا مقصد زراعت، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبوں کو فروغ دینا ہے۔
بینکنگ انڈسٹری کے یہ اقدامات سٹیٹ بینک اور پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (پی بی اے) کی مالی شمولیت کو فروغ دینے اور ملک میں اقتصادی ترقی کی کے لئے جاری کوششوں کا حصہ ہیں۔سٹیٹ بینک نے تمام بینکوں کو خطوط جاری کئے ہیں کہ وہ اپنے پانچ سالہ زراعت اور ایس ایم ای فنانس کے توسیعی منصوبے اور حکمت عملی تیار کرکے جمع کرائیں تاکہ اگلے پانچ سالوں میں ان پورٹ فولیوز کو نمایاں طور پر بڑھایا جا سکے۔ چیئرمین پاکستان بینکس ایسو سی ایشن ظفر مسعود نے کہا کہ یہ اقدامات پا کستان بینکس ایسوسی ایشن کے معیشت کے اہم شعبوں کی حمایت اور پاکستان میں پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے کے عزم کی نشاندہی کرتے ہیں۔