مسجد وزیر خان کیساتھ کوچہ حسین شاہ کی بحالی آخری مراحل میں
لاہور(سہیل احمد قیصر)لاہور کی تاریخی مسجد وزیرخان سے ملحقہ کوچہ حسین شاہ کی بحالی کا کام آخری مرحلے میں داخل ہوگیا۔ 90 ملین روپے کی لاگت سے جاری منصوبہ رواں سال کے آخر تک مکمل کرلیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق کوچہ حسین شاہ، آنکھوں کی انفیکشن اور بیماری کے علاج کی شہرت رکھنے والے حسین شاہ کے نام پر رکھا گیا ہے۔ اِن دنوں والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کوچہ حسین شاہ کی 31 عمارتوں اور 400 میٹر سٹریٹ انفراسٹرکچر کی بحالی شامل کا کام کررہی ہے۔ اِن عمارتوں میں 13 عمارتیں تاریخی اہمیت کی حامل ہیں جو سو سال سے بھی زیادہ قدیم ہیں۔ منصوبے کے انچارج مبشر حسین نے روزنامہ دنیا کو بتایا کہ کام کا آغاز کرنے سے پہلے پکچرل ڈرائنگ اور بحالی کی تجاویز پیش کی گئیں۔ ڈبلیو سی ایل اے کی ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ ٹورازم تانیہ قریشی نے بتایا کہ کہ یہ جگہ مسجد وزیر خان سے اچھی طرح جڑی ہوئی ہے اورمنصوبے کی تکمیل سے مسجد وزیر خان کے حسن میں بھی مزید اضافہ ہوجائے گا۔