گول میز کانفرنس، بلدیاتی انتخابات کے جلد انعقاد پر زور
لاہور(اپنے سٹی رپورٹر سے)صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لئے قانون سازی کا عمل جاری ہے۔ سابق حکومت کے بنائے قانون میں ابہام ہے۔
وہ مقامی جمہوری حکومتوں کے موضوع پر گول میز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ سول سوسائٹی کے نمائندوں، سینئر صحافیوں اور دیگر نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔ گول میز کانفرنس کے شرکا نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے جلد انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر بلدیات نے اس امید کا اظہار کیا کہ صوبائی کابینہ جلد مسودہ قانون کی منظوری دے گی جس کے بعد یہ معاملہ پنجاب اسمبلی جائیگا۔ صوبائی وزیر نے گول میز کانفرنس کو بتایا کہ نئے نظام میں ٹاؤن کمیٹی اور تحصیل کونسل کا اضافہ کیا جا رہا ہے ۔ وزیر بلدیات نے اس بات سے اتفاق کیا کہ گلی محلوں کی مرمت کا کام مقامی نمائندوں کی ذمہ داری ہونی چاہئے ۔ اس کے علاوہ یہ تجویز زیرغور ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی طرح بلدیات انتخابات بھی مقررہ وقت پر کسی رکاوٹ کے بغیر ہو جائیں، اس کے لئے ضروری ہو تو آئینی ترمیم بھی کی جا سکتی ہے۔