گلبرگ میں ٹرام چلانے کیلئے ابتدائی رپورٹ کی تیاری
لاہور (شیخ زین العابدین) گلبرگ میں پہلی ٹرام چلانے کے منصوبے میں اہم پیشرفت ہو گئی، نام شاپ اینڈ رائیڈ ٹرام رکھ دیا گیا، 18 سے 25 ارب روپے تخمینہ لگایا گیا۔
ابتدائی فزیبلٹی میں الیکٹرک، ہائبرڈ اور بیٹری پر چلنے والی ٹرام کو تجویز کیا گیا۔ تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گلبرگ کے علاقوں میں ٹرام چلانے کے منصوبے کی منظوری دی۔ ایل ڈی اے اور نیسپاک نے ابتدائی فزیبلٹی رپورٹ کی تیاری شروع کر دی۔ گلبرگ میں حالی روڈ ،مین مارکیٹ ،منی مارکیٹ، مین بلیوارڈ پر ٹرام چلانے کا پلان بنایا گیا،پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد اس کے دائرہ کار کو بڑھایا جائے گا۔ ابتدائی پلان میں ٹرام چلانے کے لئے روٹ بھی وضع کر دیا گیا۔ گلبرگ مین بلیوارڈ اور ملحقہ سڑکوں پر ٹرام چلائی جائے گی۔ ٹرام کا آغاز کلمہ چوک سے ہوگا جو سنٹر پوائنٹ سے ہوتی ہوئی لبرٹی چوک پہنچے گی یہاں سے حسین چوک، ایم ایم عالم روڈ ،ہوم اکنامکس کالج سے واپس مین بلیوارڈ گلبرگ اور کلمہ چوک تک چلے گی۔ ٹرام 12فٹ تک چوڑی تجویز کی گئی ۔ گلبرگ کی مرکزی اور سیکنڈری شاہراہوں میں سے ایک لین ٹرام کے لئے مختص کرنے کی تجویز دی گئی۔