ایف آئی اے، لیسکو دیگر ادارے بجلی چوری ختم نہ کرسکے
لاہور(رانا فہدا مین)بجلی چوری کا عفریت بے قابو ہو گیا،تمام کارروائیاں اور کوششیں رائیگاں ہونے لگیں۔ ایف آئی اے، لیسکو سمیت کئی ادارے مل کر بھی بجلی چوری ختم نہ کرسکے۔ ماہ اگست میں بھی لائن لاسز کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ گئے۔
ذرائع کے مطابق بجلی چوری سے ہر ماہ سرکاری خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے دیا جانے والا پیکیج بھی لائن لاسزکم نہ کر سکا۔ذرائع کا کہنا ہے مختلف سب ڈویژنوں میں 5سے 41 فیصد تک لائن لاسز ریکارڈ کئے گئے، لیسکو کے تھرڈ اور شیخوپورہ سرکل کے لاسز میں ہوشربا اضافہ ہوا۔ اگست میں لیسکو کے مجموعی لاسز0.90 فیصد بڑھ گئے، لیسکو کی نمبر گیم سے یونیورسل نمبرز پرغلط ڈی ٹیکشن سے لاسز میں کچھ کمی ہوئی ۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیمیں بھی صرف کاغذی کارروائی میں مصروف ہیں۔لیسکو حکام کا کہنا ہے بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں، لاسز میں گزشتہ ماہ کی نسبت کمی آئی، ملازمین کو بھی سزائیں دی جارہی ہیں۔