گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں1ماہ کی توسیع کا مطالبہ

 گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں1ماہ کی توسیع کا مطالبہ

لاہور( کامرس رپورٹر)ٹیکس بارز سمیت دیگر تنظیموں نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ایف بی آر کے سسٹم کی استعداد نہ ہونے اوردیگر تکنیکی مسائل کی وجہ سے ٹیکس دہندگان اور پریکٹیشنرز کو گوشوارے جمع کرانے میں شدید مشکلات کا سامنا رہا ہے ۔

پاکستان ٹیکس بار کے صدر انورکاشف ممتاز،سینئر نائب صدر زاہد عتیق چودھری،نائب صدر عاشق علی رانا،جنرل سیکرٹری ریحان صدیقی،لاہور ٹیکس بار صدر شہباز صدیق،جنرل سیکر ٹری،میاں محمد زاہد،پاکستان ٹیکس ایڈوائزر زایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالغفار،جنرل سیکرٹری خواجہ ریاض حسین،سینئر ممبر امانت بشیر ،ریونیو ایڈوائزر زایسوسی ایشن کے صدر عامر قدیر،سینئر نائب صدر انٹرنیشنل لائرز ایسوسی ایشن ملک جلیل اعوان،چیئرمین پیفاجمیل احمد اورچیئرمین اے کیپ رانا طارق محمود نے مشترکہ بیان میں کہا اس میں کوئی شک نہیں اس بار ریٹرن یکم جولائی کو پورٹل پر موجود تھی لیکن دوسری جانب مسلسل تکنیکی ایشوز آتے رہے ،امپورٹرز کی ریٹرن کے چالان نہیں نکلتے رہے ،آئرس سسٹم بار بار بیٹھ جاتا ہے ،ریٹرن دو دو گھنٹے محنت کرنے کے باوجود فائل نہیں ہوتیں ۔انہوں نے کہا پہلی بارفنانس ایکٹ 2024 مشکل ترین آیا ہے جس میں سینکڑوں شرائط ایسی رکھی گئی ہیں کہ آج تک تاجر برادری سوچ بچار میں مبتلا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں