آئی ٹی سٹی میں سیلسٹیا آئی ٹی ٹاور کی بنیاد کا کام مکمل
لاہور(سٹاف رپورٹر سے)پنجاب سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی سی بی ڈی ڈی اے)، جسے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب (سی بی ڈی پنجاب) کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، نے سیلسٹیا آئی ٹی ٹاور کی بنیادوں کا کام مکمل کرلیا ہے۔
یہ ٹاور سی بی ڈی این ایس آئی ٹی سٹی جو پاکستان کا پہلا اور سب سے بڑا آئی ٹی سٹی ہے کا اہم منصوبہ ہے۔ اس سنگ میل کے بعد سی بی ڈی پنجاب نے بیسمنٹ کی چھت کے سلیب کا کام شروع کر دیا ہے جو جلد مکمل ہونے کی توقع ہے ۔سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے سی بی ڈی این ایس آئی ٹی سٹی کا دورہ کیا تاکہ سیلسٹیا آئی ٹی ٹاور اور دیگر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لے سکیں۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور جائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹیکنیکل ریاض حسین، ڈائریکٹر پراجیکٹ مینجمنٹ آصف اقبال، ڈائریکٹر کنسٹرکشن آصف بابر، ڈائریکٹر انجینئرنگ عمر حیات اور نیسپاک کے نمائندے شریک تھے۔