ترقی نہ ہونے پر یو سی نائب قاصدین کا ہڑتال کا اعلان
لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے )پنجاب کی تمام یونین کونسلوں کے نائب قاصدین نے ترقیوں میں رکاوٹ پر 6 نومبر کو ہڑتال اور سول سیکرٹریٹ کے باہر احتجاج کا اعلان کر دیا ۔
18 سال سے یونین کونسلز میں تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود ترقیوں سے محروم نائب قاصدین نے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔انہوں نے کہا سروس سٹرکچر پروموشن کوٹہ کی بحالی، سروس رولز کے اجرا سمیت دیگر مطالبات پر بارہا یاد دہانی اور ملاقاتوں کے باوجود نہ تو وزیر بلدیات نے خاص توجہ دی نہ ہی محکمہ بلدیات اور ریگولیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے وعدے وفا کئے گئے ۔سابق سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نور الامین مینگل دور سے ان نائب قاصدوں کی ترقیوں کے کیسز اور ان کے رولز فائنل کرنے کے احکامات جاری ہوئے تھے جن پر آج تک عملدرآمد نہیں ہو سکا ۔ہزاروں نائب قاصد 2006 سے ترقیوں کے منتظر ہیں۔آل پنجاب نائب قاصد یونین کونسلز پنجاب کے صدر محمد آصف ہادی نے کہا عرصہ دراز سے سیٹیں پڑی ہونے کے باوجودپڑھے لکھے نائب قاصدین کو ترقی نہ دینے سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔