ایل ڈی اے سٹی:ترقیاتی کاموں میں تاخیر ، الاٹی ناراض
لاہور(سٹاف رپورٹر سے)ایل ڈی اے سٹی ہاؤسنگ سکیم کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کی کاوشیں مانند پڑنے لگیں،سکیم کے جناح سیکٹر کے پلاٹوں کا قبضہ دینے کے باوجود الاٹیوں نے عدم دلچسپی کا اظہار کیا۔۔۔
کمرشل پلاٹس کے الاٹیوں نے اتھارٹی کو اقساط ہی جمع نہیں کر ائیں۔ ایل ڈی اے کی مبینہ ناقص پالیسیوں اور ترقیاتی کاموں میں تاخیر سے الاٹی ناراض ہیں۔ایل ڈی اے نے جناح سیکٹر کے 197 کمرشل پلاٹس کی قرعہ اندازی کی،164 درخواست گزاروں نے ڈاؤن پیمنٹ جمع کر ائی،الاٹیوں کو8اقساط میں رقم جمع کر انے کیلئے اضافی وقت بھی دیا گیا لیکن 164 میں سے 63 فائل ہولڈرز نے اقساط جمع کر ائیں جبکہ 101 نے پیسے جمع نہیں کر ائے ۔ جناح سیکٹر کمرشل ایریا میں بروقت ترقیاتی کام نہ ہونے سے الاٹیوں نے عدم اعتماد کا اظہار کیا۔ وقت گزرنے کے باوجود ایل ڈی اے نے 101 کمرشل پلاٹس کی الاٹمنٹ کو بھی منسوخ نہ کیا۔ تاہم سکیم کو آباد کرنے کیلئے ایل ڈی اے نے ایک بار پھر حکمت عملی بنا لی۔ کمرشل پلاٹس الاٹیوں کو مزید ایک سال کی مہلت دینے کا کیس ایل ڈی اے گورننگ باڈی کو پیش کیا گیا جس نے ایک سال کے بجائے 6 ماہ کی مہلت دینے کی منظوری دے دی۔اقساط جمع کر انے کی تاریخ میں توسیع پر جرمانہ وصول نہیں کیا جائے گا۔