دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں:راغب نعیمی
لاہور(سیاسی نمائندہ)چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن کے پلیٹ فارم پر ہونے والے خودکش حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد انسانیت کے کھلے دشمن ہیں۔۔۔
انسانیت دشمن خارجیوں اور سہولت کاروں کیخلاف کارروائی کی جائے ، بے گناہ شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں جامعہ نعیمیہ میں علما کرام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ درجنوں افراد کی شہادت اور زخمی ہونے کی خبر سے دل افسردہ ہے ، ہماری ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کیساتھ ہیں، دکھ کی مشکل گھڑی میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے غم میں برابر کا شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے ، پوری قوم حکومت اورسکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے ، دہشتگردی کے بھیانک جرم میں ملوث عناصر کو انجام تک پہنچایا جائے ۔ دہشت گرد خارجیوں کیخلاف پوری قوم افواج پاکستان اور ملکی سلامتی کے اداروں کے شانہ بشانہ ہے ، ریاست پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ دہشت گرد عناصر اور ان کی پشت پناہی کرنیوالے عناصر کے خلاف ایکشن لے ۔