دل کے مریضوں کو گھر پرمفت ادویات کی فراہمی پر اجلاس
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں دل کے مریضوں کو گھر پرمفت ادویات کی فراہمی کے منصوبے کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں سیکرٹری صحت عظمت محمود، سپیشل سیکرٹریز طارق محمود اور سید واجد علی شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر وحید اصغر و دیگر افسروں نے شرکت کی جبکہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی، راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ کارڈیالوجی کے ایم ایس حضرات و ذمہ دار ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔ صوبائی وزیر صحت نے تینوں کارڈیالوجی ہسپتالوں سے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کے نظام کا جائزہ لیا اورکہا کہ تینوں ہسپتالوں میں مریضوں تک مفت ادویات کی فراہمی میں ایک فیصد بھی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے ۔ کورئیر انتظامیہ کو بھی سروس میں واضح بہتری لانے کی ہدایت کی ہے ۔ ادھر خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کا 14 واں سینڈیکیٹ اجلاس ہوا ،یونیورسٹی کو ڈائیبٹولوجی، فیملی میڈیسن، ڈرماٹولوجی اور ایستھیٹک کے شعبہ جات میں پوسٹ گریجوایٹ ڈپلومہ پروگرامز کے آغاز اور سیٹیں مزید بڑھانے کی منظوری دے دی گئی ۔