نجی کالج:دعویدار ماں کے جسمانی ریمانڈ میں 3روز کی توسیع
لاہور(عدالتی رپورٹر)لاہور کے نجی کالج کی طالبہ سے زیادتی کی افواہوں کا معاملہ، سوشل میڈیا پر متاثرہ طالبہ کی والدہ ہونے کا دعویٰ کرنے والی خاتون سارہ خان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 3 روز کی توسیع کردی گئی۔
انسداد دہشتگری عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے سماعت کی، ملزمہ سارہ خان کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا، تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ کا ایک موبائل فون ملتان سے برآمد کیا گیا ، ملزمہ کا دوسرا موبائل ابھی برآمد نہیں ہوا، ملزمہ کی ویڈیوز کی جانچ کیلئے آواز میچنگ ٹیسٹ اور فوٹو فرامیٹک ٹیسٹ ہوگیا ہے ، عدالت نے باور کرایا کہ دوران جسمانی ریمانڈ ملزمہ صرف دن کی روشنی میں پولیس حراست میں رہے گی۔ اندھیرا ہونے سے پہلے روزانہ جیل منتقل کیا جائے ۔ ملزمہ کیخلاف تھانہ گلبرگ نے مقدمہ درج ہے ۔ پولیس کے مطابق ملزمہ کی وجہ سے نجی کالج میں احتجاج اور ہنگامہ آرائی ہوئی۔