انکیوبیشن سینٹرز :نئے سیشن کیلئے درخواستوں کی وصولی شروع
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)اینٹرپرینیورشپ کے فروغ کیلئے پنجاب آئی ٹی بورڈ کے منصوبے ریجنل پلان 9 کے تحت لاہور، ڈی جی خان، راولپنڈی، ساہیوال، گوجرانوالہ، کامرہ اور کھاریاں میں قائم کردہ انکیوبیشن سینٹرز میں نئے سیشن کیلئے درخواستوں کی آن لائن وصولی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس منصوبے کا مقصد خطے میں سٹارٹ اپس کو 6 ماہ تک کام کرنے کی جگہ، نیٹ ورکنگ کے مواقع، مفت قانونی رہنمائی اور کاروباری معاونت فراہم کرنا ہے۔ اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ ان انکیوبیشن سینٹرز کا قیام پاکستان میں انٹرپرینیورشپ اور جدت کو فروغ دینے کے ہمارے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے جس سے سٹارٹ اپس کو تکنیکی مہارت تک رسائی اور صنعتوں میں کام کرنے والے پیشہ ور افراد کی رہنمائی حاصل ہو سکے گی۔ 360 سے زائد سٹارٹ اپس کے ساتھ مجموعی طور پر ریجنل پلان 9 کے تحت 11 انکیوبیشن سینٹرز فعال ہیں جو نوجوانوں کو گلوبل مارکیٹ ملازمتیں فراہم کر رہے ہیں۔ پاکستان کے سب سے بڑے انکیوبیشن سینٹر کا حصہ بننے کیلئے نوجوان آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں۔