بچی نے گھرسے بھاگ کر بوڑھے سے شادی ناکام بنائی
لاہور(کرائم رپورٹر)فیصل آباد کے علاقے سمن آباد میں کمسن لڑکی کی شادی کا واقعہ پیش آیا۔نشئی والد کی پیسوں کے لالچ میں کمسن بچی کی بوڑھے شخص سے زبردستی شادی کرانے کی کوشش کی جس پر کمسن بچی نے شادی کے دن گھر سے بھاگ کر جان بچائی۔
شہری نے 15 ایمرجنسی کال کے ذریعے ورچوئل چائلڈ سیفٹی سنٹر میں بچی ملنے کی اطلاع دی۔شہری نے بتایا کہ بچی زبردستی کی شادی سے بچنے کے لیے اپنے گھر سے بھاگ کر آئی ہے ۔ورچوئل چائلڈ سیفٹی سنٹر نے فوری طور پر متعلقہ پولیس کو موقع پر بھجوایا۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچی کو حفاظتی تحویل میں لیا ۔ترجمان سیف سٹیز کا کہنا تھاکہ بچی کی شکایت پر پولیس نے والدین سے رابطہ کیا۔والدین کی جانب سے معافی مانگنے اور آئندہ ایسا نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ پولیس نے والدین سے بچی کو نقصان نہ پہنچانے اور مرضی کے خلاف شادی کرنے کی تحریری ضمانت لیکر والدین کے ساتھ جانے دیا۔شہری بچوں سے متعلقہ کسی بھی شکایت کی صورت میں 15 پر کال کرکے 3 دبا کر ورچوئل سنٹر فار چائلڈ سیفٹی سنٹر میں رابطہ کریں۔