راولپنڈی تا مری ٹورسٹ گلاس ٹرین پرکام کا جائزہ
لاہور (سٹاف رپورٹر سے ) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان کی زیر صدارت پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ احمد جاوید قاضی نے جاری مختلف منصوبوں کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں راولپنڈی تا مری ٹورسٹ گلاس ٹرین منصوبہ پر ابتدائی ورکنگ کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں قذافی میٹرو بس سٹیشن کو گرین انرجی پر منتقل کرنے کی تجویز پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر نے لاہور، ملتان، بہاولپور، راولپنڈی اور فیصل آباد میں ایکو فرینڈلی بسیں چلانے کیلئے تمام امور جلد مکمل کرنے اور لاہور کے علاوہ دیگر شہروں کے میٹرو سٹیشنز کو بھی سولر انرجی پر منتقل کرنے کیلئے ورکنگ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا میٹرو سٹیشنز کو سولر انرجی پر منتقل کرنے سے کروڑوں روپے کی بچت ممکن ہو جائیگی۔