کینال روڈ: موٹر سائیکل گزرنے کے 5 پل خستہ : حادثے کا اندیشہ
لاہور(سہیل احمد قیصر)لاہور کی کینال روڈ پر موٹربائیکس کے لئے بنائے گئے اوور ہیڈ بریجز خوف کا نشان بن گئے۔ جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار پلوں کی خستہ حالی مسلسل کسی بڑے حادثے کی دستک دے رہی ہے لیکن کوئی بھی دستک انتظامیہ کے کانوں تک نہیں پہنچ پا رہی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی مصروف ترین کینال روڈ پر مغلپورہ سے ہربنس پورہ تک موٹر بائیکس کے لئے 5 اوورہیڈ بریج قائم ہیں۔ اِن پلوں سے ہرروز سینکڑوں موٹر بائیکس گزرتی ہیں لیکن اِس دوران یہ ہر وقت کسی بڑے حادثے کے خطرے سے دوچار رہتی ہیں۔ وجہ یہ ہے کہ یہ پانچوں کے پانچوں بریجز جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکے ہیں جہاں سے گزرنا اپنی زندگیوں کو خطرے میں میں ڈالنے کے مترادف بن چکا ہے ۔ حد تک یہ ہے کہ کئی ایک مقامات پر پلوں کی ٹوٹی ہوئی پلیٹوں کو مرمت کرنے کے بجائے پتھروں سے ڈھانپا گیا ہے ۔ یہ ایسی صورت حال ہے جو چیخ چیخ کر اعلان کررہی ہے کہ یہاں کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ رونما ہوسکتا ہے لیکن مجال ہے جو کسی کے کانوں پر جوں بھی رینگ رہی ہو ۔ اِس حوالے سے سیکرٹری بلدیات میاں شکیل احمد نے روزنامہ دنیا کو بتایا یہ صورت حال اُن کے علم میں ہے اور اِس بارے میں ایل ڈی اے کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ پلوں کی جلد مرمت کو یقینی بنایا جائے ۔اُن کا کہنا تھا شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور اِس بابت کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔