نظام المدارس کے زیر اہتمام اجتماع ،اصلاحاتی ایجنڈے کی تائید
لاہور (سیاسی نمائندہ) نظام المدارس پاکستان کے زیر اہتمام انعقاد پذیر اجتماع میں ملک بھر سے دس ہزار سے زائد علما و مشائخ اورمدارس دینیہ کے بورڈز کے قائدین۔۔۔
شیوخ الحدیث اور مدرسین نے شرکت کی اور ریاست پاکستان کی طرف سے مدارس دینیہ کی اصلاحات اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی و تدریسی اقدامات کو سراہا اور اصلاحاتی ایجنڈے کی تائید و حمایت کی۔منہاج یونیورسٹی لاہور کے گراؤنڈ میں منعقدہ ختم صحیح البخاری کے تدریسی اجتماع سے وائس چیئرمین نظام المدارس خرم نواز گنڈا پور نے کہا اصلاحاتی ایجنڈے کی تکمیل سے مدارس کی تعلیمی اہمیت و افادیت اوروقارمیں اضافہ ہو گا۔ نظام المدارس کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر میر آصف اکبر نے کہا رجسٹریشن اور مالیاتی نظم قائم ہونے سے بین الاقوامی سطح پر مدارس دینیہ کے حوالے سے کیا جانے والا منفی پراپیگنڈابند ہو گا۔ نظام المدارس پہلا دینی وفاق ہے جس نے 2024 میں ایچ ای سی کی طرف سے ہائی اچیورایوارڈ حاصل کیا۔ اجتماع میں مفتی محمدزبیر فہیم ، شیخ الحدیث مفتی محمد ، ڈاکٹر علامہ عطا الرحمان ، ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان ، علامہ آغا سید جواد نقوی، مفتی محمد یوسف شاہ، ڈاکٹر نعیم الدین الازہری ،علامہ مفتی امداد اللہ خان قادری ، مفتی عرفان اللہ اشرفی، ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری ،پیر سید منور حسین جماعتی اور دیگر نے شرکت کی۔