لیسکو: 15 ماہ میں 6 ارب 70 کروڑ کی بجلی چوری
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے)بجلی چوروں کے خلاف بھرپور مہم کے باوجود چوری پر قابو نہ پایا جاسکا،لیسکو انسداد چوری مہم کے اعداد و شمار کے مطابق 15 ماہ میں 6 ارب 70 کروڑ روپے کی بجلی چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔۔۔
روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں چور پکڑے جانے لگے ،مگر بجلی چوری پر قابو نہ پایا جاسکا۔لیسکو انسداد بجلی چوری مہم کے اعداد و شمار کے مطابق ناردرن سرکل پہلے اور ایسٹرن سرکل دوسرے نمبر پر رہا ۔ایک سال 3 ماہ میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 69 ہزار672 بجلی چور پکڑے گئے ، بجلی چوروں نے حکومتی خزانے کو 6 ارب 70 کروڑ 80 لاکھ 18 ہزار 543 روپے کا نقصان پہنچایا،لیسکو ڈی ٹیکشن بلوں کی مد میں 55 فیصد ریکوری کرسکی۔ دستاویزات کے مطابق لیسکو کے 3 ارب 71 کروڑ 65 لاکھ 36 ہزار233 روپے ریکور نہ کئے جا سکے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت پاور ڈویژن اور لیسکو انتظامیہ کی جانب سے ان سرکلز کے فیلڈ افسروں کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی جاسکی، صرف بجلی چوری میں ملوث 114 چھوٹے ملازمین کے خلاف ہی کارروائی کی گئی۔