ایمپلائز گرینڈ الائنس کاسیکرٹریٹ کے باہر مظاہرہ
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس پنجاب کے زیر اہتمام پنجاب بھر کی طرح سول سیکرٹریٹ لاہور کے سامنے سینکڑوں اساتذہ و ملازمین نے چودھری مختار گجر چیئرمین آگیگا لاہور ڈویژن کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مختار گجر، پروفیسر فائزہ رعنا جنرل سیکرٹری آگیگا پنجاب، رانا لیاقت، سعود جان، چوہدری غفار ، افتخار رسول سلہری ، راشد اقبال ، شفیق گجر ، عامر بٹ، کلیم الحق ، اعظم گجر ، شرجیل اعوان، بلال گجر ، ایاز گجر نے کہا کہ ایک طرف حکومت کہتی ہے کہ خزانہ خالی ہے ملازمین کی لیو انکیشمنٹ، پنشن و گریجوایٹی میں کمی کی جا رہی ہے دوسری طرف وزرا، مشیران، ارکان اسمبلی کی تنخواہوں ومراعات میں 900 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے، ملازمین کی پنشن وگریجوایٹی اور لیو انکیشمنٹ پر شب خون مار کر یہ اضافہ کیا گیا، یہ ملازمین دشمن اقدام ہے، صوبہ بھر کے گریڈ 1 تا گریڈ 20 تک کے ملازمین اپنے معاشی حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہو چکے ہیں اپنے معاشی حقوق غصب نہیں ہونے دیں گے اور رول 17- اے کا خاتمہ کسی صورت قبول نہیں حکومتی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف پنجاب بھر میں احتجاجی مظاہرے ، جلسے اور ریلیاں نکالی جائیں گی، آج سے 2 گھنٹے کے لیے دفاتر ، سکول ، کالجز اور سول سیکرٹریٹ میں قلم چھوڑ ہڑتال کا آغاز کر دیا گیا۔