برطانوی پولیس و ہائی کمیشن وفد کی آئی جی سے ملاقات
لاہور(کرائم رپورٹر)برطانوی پولیس اور ہائی کمیشن کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس لاہور کا دورہ کیا، ڈپٹی منیجر سٹریٹجی اینڈ ڈویلپمنٹ گریمی والس کی قیادت میں 9 رکنی وفد نے آئی جی ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔
ترجمان پولیس کے مطابق ڈی آئی جی ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی میر واعظ نیاز، سینئر پولیسنگ ایڈوائزر ڈیرن کولن ٹامکنز، بینجمن واٹسن و دیگر وفد میں شامل تھے ۔وفد نے دہشت گردی، شرپسندی اور آرگنائزڈ کرائم کے خاتمے کیلئے پنجاب پولیس کے اقدامات اور قربانیوں کو سراہا، انٹرپول کے ذریعے خطرناک مجرموں کی گرفتاری کیلئے کریمنلز ریکارڈ شیئرنگ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی جی نے پنجاب پولیس کو دہشت گردی، شدت پسندی کے حوالے سے درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ ملاقات میں برطانوی پولیس اور پنجاب پولیس کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔وفد نے سنٹرل پولیس آفس کے میوزیم اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا۔