نہر کی صفائی میں مبینہ کرپشن : بھل نجی سوسائٹیوں کو فروخت

لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے)لاہور کینال کی بھل صفائی میں بڑے پیمانے پر مبینہ کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔ محکمہ آبپاشی کی مشینری ڈویژن کے افسروں اور ملازمین نے نہر سے نکلنے والی بھل لاکھوں روپے میں نجی سوسائٹیوں کو فروخت کردی۔
تفصیل کے مطابق محکمہ آبپاشی لاہور ڈویژن اور مشینری ڈویژن کی مبینہ کرپشن سامنے آ گئی،نہر سے نکلنے والی بھل بھرتی ڈالنے کے لئے نجی سوسائٹیوں کو فروخت کردی گئی،محکمہ اینٹی کرپشن میں درخواست دائر پر انکوائری شروع کر دی گئی۔درخواست کے مطابق موسم سرما کے دوران لاہور کینال سالانہ بھل صفائی کے لئے بند کی گئی،محکمہ آبپاشی لاہور ڈویژن نے بھل صفائی کا ٹھیکہ مشینری ڈویژن کو دیا،مشینری ڈویژن نے لاہور کینال برانچ سے بھل نکال کر رنگ روڈ کے ساتھ سرکاری اراضی پر گڑھوں میں ڈالنی تھی، لیکن مشینری ڈویژن کے افسروں نے نجی سوسائٹیوں کو مہنگے داموں بھل فروخت کردی۔بھل نجی سوسائٹیوں تک لے جانے کے لئے سرکاری گاڑیاں اور ڈمپرز استعمال کئے جارہے ہیں، ڈمپروں، ٹرالیوں اور دیگر وہیکلز میں پٹرول بھی محکمہ کا اور لیبر بھی محکمہ کی استعمال کی جارہی ہے ۔ایس ڈی او مشینری ڈویژن راؤ اظہر کا کہنا ہے کہ صفائی کے دوران عملے نے اگر بھل فروخت کی ہے تو اس کی انکوائری کریں گے، بھل فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔