اساتذہ وملازمین کا سیکرٹریٹ کے سامنے مطالبات کیلئے مظاہرہ

 اساتذہ وملازمین کا سیکرٹریٹ کے سامنے مطالبات کیلئے مظاہرہ

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)سول سیکرٹریٹ کے سامنے سینکڑوں اساتذہ و ملازمین نے آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس پنجاب کے زیر اہتمام حکومتی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف پُرامن مظاہرہ کیا۔

 مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ضیاء اللہ نیازی، پروفیسر فائزہ رعنا، مختار گجر، رانا لیاقت علی، ثمینہ ناز، کاشف شہزاد چوہدری، شفیق گجر، عامر بٹ، راشد محمود، سرور گجر، افتخار سہلریا، بلال گجر ودیگر نے کہا کہ حکومت سرکاری ملازمین سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے، ریاست ماں جیسی ہوتی ہے لیکن حکومت نے بیواؤں اور یتیموں سے پنشن اور ملازمت کا حق چھین لیا ہے ،ملازمین کی ریٹائرمنٹ کے بعد بڑھاپے کا واحد سہارا پنشن و گریجوایٹی اور لیو انکیشمنٹ ہے جس پر گورنمنٹ نے شب خون مار کر ملازمین کے گھروں میں صف ماتم برپا کر دی ہے، حکومت کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے ہسپتال، تعلیمی ادارے آؤٹ سورسنگ کی بھینٹ چڑھائے جا رہے ہیں صوبہ بھر کے اساتذہ و ملازمین اپنے معاشی حقوق کے تحفظ کے لیے سراپا احتجاج ہیں ک،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز صاحبہ پنشن وگریجویٹی، لیو انکیشمنٹ میں کمی کے ظالمانہ نوٹیفکیشنز فی الفور واپس نہ لئے تو 22 جنوری کو صوبہ بھر کے اساتذہ و ملازمین اپنے معاشی حقوق کے تحفظ کے لیے ناصر باغ سے پنجاب اسمبلی تک پرامن ریلی نکالیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں