قذافی سٹیڈیم میٹرو سٹیشن کی گرین انرجی پر منتقلی کا منصوبہ

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )ایل ڈی اے نے قذافی سٹیڈیم میٹرو سٹیشن کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا منصوبہ دوبارہ متحرک کر دیا ۔
اتھارٹی نے دسمبر 2024 میں سٹیشن پر سولر پینلز لگانے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن عمل درآمد نہ ہو سکا۔ اب دوبارہ اس منصوبے کو بحال کیا گیا ہے ، جس پر مارچ میں کام کا آغاز ہوگا۔ منصوبے کے لئے 2 کروڑ 84 لاکھ 70 ہزار روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے اور اسے تین ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔پلان کے مطابق میٹرو سٹیشن مکمل طور پر سولر انرجی پر منتقل ہوگا۔ گرین انرجی کے لئے 30 سالہ گارنٹی والے پی وی ماڈیولز خریدے جائیں گے اور نیٹ میٹرنگ کے ذریعے اضافی بجلی قومی گرڈ میں شامل کی جائے گی۔کنٹریکٹر کی جانب سے ایک سال کی مرمت اور بحالی کی وارنٹی بھی دی جائے گی تاکہ منصوبہ زیادہ مؤثر اور پائیدار ثابت ہو۔یہ منصوبہ نہ صرف توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد دے گا بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی نمایاں کمی لائے گا۔