تسبیح، ٹوپی، جائے نماز کی مانگ میں اضافہ : قیمتیں 20 فیصد تک بڑھ گئیں
لاہور(کامرس رپورٹر سے)شہر میں رمضان المبارک کے دوران تسبیح، ٹوپی اور جائے نماز کی مانگ میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ دکانداروں کے مطابق اس بابرکت مہینے میں ان اشیا کی فروخت میں 35 سے 40 فیصد تک اضافہ ہوجاتا ہے۔۔۔
جبکہ قیمتوں میں بھی گزشتہ سال کی نسبت 15 سے 20 فیصد تک بڑھوتری دیکھنے میں آئی ۔ تاجروں کا کہنا تھا کئی ممالک سے خام مال منگوا کر مقامی سطح پر ٹوپیاں اور تسبیح تیار کی جا رہی ہیں۔ بنگلہ دیش، انڈونیشیا، ترکی اور چین سے خام مال درآمد کیا جا رہا ہے ۔ تسبیح کے دانے زیادہ تر چین سے درآمد کئے جاتے ہیں، جہاں کرسٹل، پتھر، پلاسٹک اور مونگ دانے جیسی مختلف اقسام دستیاب ہیں۔ چینی تسبیح کی قیمت 10 روپے سے 5000 روپے تک ہے ، جبکہ ٹوپیوں کی قیمت 50 روپے سے 1500 روپے کے درمیان ہے ۔ ترکی سے درآمد ہونے والی مخصوص سرخ ٹوپی اس سے بھی زیادہ مہنگی ہے ۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ ٹیکسوں میں اضافے کی وجہ سے ان اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ، جس پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ۔ ادھر رمضان المبارک میں بھی سبزیوں اور پھلوں کی ریٹ لسٹس نمائشی کاغذ بن کر رہ گئیں۔دکاندار سرکاری ریٹ سے 50 فیصد تک زیادہ وصول کر رہے ہیں۔ ٹماٹر سرکاری ریٹ 50 کے بجائے 80 ،پیاز 75 کی جگہ 100 ،لیموں 110 کے بجائے 160 ،آلو 55 کی جگہ 70 ،ادرک 620 کے بجائے 800 ،لہسن 375 کے بجائے 450 ، سیب 300 کی جگہ 400 ،کیلا درجن درجہ اول 270 کی جگہ 400،خربوزہ 140 کے بجائے 250،امرود 220 کے بجائے 300 روپے کلو فروخت کئے گئے ۔صارفین کا کہنا تھا ریٹ لسٹ بس کاغذی کارروائی ہے ،ریٹ دکاندار کی مرضی کا ہوتا ہے ۔