جناح مارکیٹ ٹاؤن شپ کو منافع بخش بنانے کانیا منصوبہ

لاہور (سٹاف رپورٹر سے) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے جناح مارکیٹ ٹاؤن شپ کی غیر استعمال شدہ اراضی کو منافع بخش بنانے کے لئے نیا پلان تیار کر لیا۔
پہلے تعمیراتی تخمینہ 15 کروڑ روپے سے زائد لگایا گیا تھا، تاہم ڈی جی ایل ڈی اے نے اسے مسترد کر دیا ۔نئے منصوبے کے تحت 3 کروڑ 30 لاکھ روپے کی لاگت سے مارکیٹ میں 48 دکانوں کے لئے پلاٹس بنائے جائیں گے ۔ پانچ مختلف پلاٹس پر یہ دکانیں تعمیر کی جائیں گی، جن کی فروخت سے ایل ڈی اے کو 50 کروڑ 64 لاکھ روپے کی آمدن متوقع ہے ۔ایل ڈی اے کے مطابق جناح مارکیٹ کا نیا ڈیزائن گورننگ باڈی سے منظور کر ا لیا گیا ہے ۔ منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف ادارے کی آمدن میں اضافہ ہوگا بلکہ شہریوں کو مناسب قیمت پر کاروباری جگہ بھی فراہم کی جا سکے گی۔حکام کے مطابق منصوبے پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا، جس سے علاقے میں کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ساڑھے 3 برس سے اس زمین کو واگزار کروا کے لارواث چھوڑ دیا گیا تھا۔