بلدیاتی بل کی منظوری کے لئے کم ازکم 3 ماہ درکار

لاہور(عمران اکبر)پنجاب میں جلد بلدیاتی انتخابات کے امکانات ختم ہوگئے، بلدیاتی اداروں کے اختیارات بڑھنے کی بجائے کم کرنے کی تجویز دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 پنجاب اسمبلی میں پیش ہونے کے بعد قائمہ کمیٹی کے سپردکر دیا گیا اورقائمہ کمیٹی کو مشاورت کیلئے دوماہ کا وقت دیا گیا ہے جس سے انتخابات میں تاخیر کا امکان ظاہر کیاجارہاہے ۔لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈیویلپمنٹ ایکٹ 2025سٹینڈنگ کمیٹی پر منحصر ہوگا،بل قائمہ کمیٹی سے پنجاب اسمبلی میں دوبارہ پیش اورمنظور ہونے کیلئے کم از کم تین ماہ کا عرصہ درکار ہے ، پنجاب اسمبلی کی منظوری کے بعد رولز اور گزٹ نوٹیفکیشن ہوگا ۔ذرائع کے مطابق اگر حکومت چاہے تو دس روز میں بلدیاتی ایکٹ منظور کرا یاجاسکتاہے ، تاخیری حربے استعمال کرنے سے بلدیاتی الیکشن التوا کا شکار رہیں گے ۔پندرہ روز قبل گورنر ہائوس میں صدر آصف علی زرداری نے پنجاب میں جلد بلدیاتی انتخابات کرانے کی واضح ہدایات کیں جبکہ دوسری طرف چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان نے فل بینچ سماعت پر حکومت پنجاب کو بلدیاتی قانون پاس نہ کرانے پر آڑے ہاتھوں لیا اور جلد از جلد ایکٹ 2025 منظور کرانے کی ہدایت کی ہے۔