چڑیاگھر :چند ہفتوں میں متعدد قیمتی ، نایاب جانور ہلاک

لاہور (لیڈی رپورٹر )لاہور چڑیا گھر میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران متعدد قیمتی اور نایاب جانوروں کی ہلاکتوں کے واقعات سامنے آئے ہیں، جس پر ماحولیاتی ماہرین اور شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق فروری میں ایک نایاب جمیزبک ہرن سانس کی بیماری کے باعث ہلاک ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق سرد موسم کے باعث ہرن کو سانس کی شدید تکلیف تھی، جس کے نتیجے میں وہ جانبر نہ ہوسکا۔ اس کے علاوہ غیر ملکی نیالا ہرنوں کے دو نوزائیدہ بچے بھی پیدائش کے چند دن بعد ہلاک ہوگئے ، جبکہ سندھ آئی بیکس کی باہمی لڑائی میں ایک قیمتی جانور کی آنکھ بری طرح زخمی ہوگئی۔دوسری جانب حاملہ سمیٹر اورکس کی سرجری کے دوران اس کا بچہ ضائع ہوگیا تاہم ویٹرنری ٹیموں نے بروقت اقدامات کرتے ہوئے مادہ کی جان بچا لی۔ اس وقت چڑیا گھر میں ایک اور جمیزبک ہرن شدید بیمار ہے اور اس کا علاج جاری ہے ۔ترجمان پنجاب وائلڈلائف کے مطابق نوزائیدہ جانوروں کی اموات کی وجوہات کا جائزہ لیا جا رہا ہے ، جبکہ ویٹرنری ماہرین جانوروں کی صحت کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کر رہے ہیں۔ تاہم، ان مسلسل اموات کے باعث لاہور چڑیا گھر کی دیکھ بھال اور انتظامی معاملات پر کئی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔