غیر قانونی تعمیرات سربمہر کرنے کیلئے تالے، زنجیریں، سٹیکرز ختم

لاہور(شیخ زین العابدین)ایل ڈی اے کے شعبہ ٹاؤن پلاننگ کی طرف سے کیے گئے آپریشنز پر سوالیہ نشان پیدا ہوگیا، آپریشنز میں استعمال ہونے والے تالے، زنجیریں اور سٹیکرز خود ٹاؤن پلاننگ کے افسران اور ملازمین کو خریدنے پڑ رہے ہیں۔
ایل ڈی اے کے شعبہ سی اینڈ آئی نے ٹاؤن پلاننگ کو کئی سالوں سے یہ سامان فراہم نہیں کیا، جس کے باعث سیلنگ آپریشن پر سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے کے شعبہ ٹاؤن پلاننگ کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سربمہر کرنے کی کارروائیاں جاری ہیں، لیکن ان آپریشنز میں استعمال ہونے والے تالے ، زنجیریں اور سٹیکرز خود ٹاؤن پلاننگ کے افسران اور ملازمین کو خریدنے پڑ رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے کے شعبہ فنانس نے ٹاؤن پلاننگ کے لیے امپریسٹ رقم تو مقرر کی، لیکن وہ رقم تاحال جاری نہیں کی جا سکی۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے اس معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سٹیکرز، تالے اور زنجیروں کی خریداری کے لیے باضابطہ میکنزم بنانے کا حکم دے دیا ہے، تاکہ آئندہ تمام کارروائیاں سرکاری طریقہ کار کے مطابق کی جا سکیں۔