گلبرگ کے 6 بلاک میں جدید ترقیاتی ماڈل پر کام شروع

لاہور (سٹاف رپورٹر سے) گلبرگ سکیم کے 6 بلاک میں جدید ترقیاتی ماڈل پر کام کا آغاز کر دیا گیا۔
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بی تھری اور حالی روڈ کے بعد پی، کے ، اے ، بی، سی اور ای ون بلاکس میں بھی سسٹین ایبل سمارٹ سٹی ماڈل کے نفاذ کا فیصلہ کیا ہے ۔پی اور کے بلاک میں سسٹین ایبل ماڈل کے تحت 28 کروڑ 86 لاکھ 74 ہزار جبکہ اے ، بی، سی اور ای ون بلاک میں یہ منصوبہ 36 کروڑ 61 لاکھ روپے میں مکمل ہوگا۔پلان کے تحت پیدل چلنے والوں کے لئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں،فٹ پاتھوں کی تعمیر و مرمت اور سڑکوں کے اطراف جدید ٹف ٹائلز لگائی جائیں گی،روڈز سائنیج کو جدید بنایا جا رہا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی مزید بہتر ہو سکے ،اس کے ساتھ ساتھ بارش کے پانی کے نکاس کو بہتر بنانے کیلئے جدید رین واٹر ویلز تعمیر کئے جا رہے ہیں، انڈر گراؤنڈ وائرنگ کی جا رہی جس سے بجلی کے کھمبوں اور اوور ہیڈ تاروں کے جھنجھٹ سے نجات ملے گی، گرین ایریاز کی توسیع اور سولر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب بھی منصوبے کا حصہ ہیں۔چار ماہ کے اندر ان تمام ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔