میٹرو بس سروس زبوں حالی کاشکار، مسافر پریشانی میں مبتلا

لاہور (شیخ زین العابدین)لاہور میٹرو بس سروس زبوں حالی کا شکارہو گئی ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور نجی کمپنی ویڈا کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت 64 بسیں روزانہ ٹریک پر چلنی تھیں۔۔
مگر موجودہ صورتحال یہ ہے کہ صرف 48 بسیں ہی سروس کا حصہ ہیں۔ اس کمی نے شہریوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے ۔بسوں کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے سٹاپس پر رش معمول بن چکا ہے ۔ خاص طور پر گجومتہ سٹیشن پرجہاں سے میٹرو بس کا آغاز ہوتا ہے ، مسافروں کی لمبی قطاریں اور دھکم پیل معمول کا حصہ بن چکی ہیں۔ خواتین، بزرگ شہری اور طلبہ سبھی کو بس میں سوار ہونے کے لیے شدید تگ و دو کرنی پڑتی ہے ۔ایک وقت تھا جب ہر پانچ منٹ بعد میٹرو بس سٹاپ پر پہنچتی تھی، مگر اب دورانیہ بڑھ کر 12 سے 15 منٹ ہو چکا ہے ، جس کے باعث ہر نئی آنے والی بس پر مزید رش ہو جاتا ہے ۔ گرمی کے بڑھتے موسم نے اس مسئلے کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے ۔بسوں کے ایئر کنڈیشن سسٹمز خراب پڑے ہیں، وینٹی لیشن کا کوئی مناسب نظام موجود نہیں۔ نتیجتاً بس کے اندر کا ماحول حبس زدہ اور ناقابل برداشت ہو چکا ہے ۔ کئی مسافر شدید بدبو اور گرمی کے باعث نڈھال نظر آتے ہیں۔