نویں ،دسویں جماعت کیلئے رجسٹریشن فیس میں اضافہ
لاہور( این این آئی)پنجاب کے تعلیمی بورڈز نے نویں اور دسویں جماعت کے طلبہ کے لیے تعلیمی سال 2025 سے 2027 تک کے لیے نظرثانی شدہ رجسٹریشن فیس کا شیڈول جاری کر دیا۔
نئی فیس کے مطابق رجسٹریشن فیس بڑھا کر 2,910 روپے کر دی گئی ہے ۔رجسٹریشن فیس 1,100 روپے ، پراسیسنگ فیس 630 روپے ، بورڈ ڈیولپمنٹ فنڈ 300 روپے ، سکالرشپ فیس180 روپے ، سپورٹس فیس200 روپے کر دی گئی ہے ۔اس کے علاوہ سکولز اپنی جانب سے 500 روپے الگ سے وصول کریں گے ۔ مزید برآں سکول دیگر خدمات کے نام پر 300 سے 500 روپے اضافی بھی لے سکتے ہیں۔ نئی فیس سرکاری اور نجی دونوں اداروں پر لاگو ہوگی۔ رجسٹریشن کا عمل 29 مئی 2025 سے بغیر لیٹ فیس کے شروع ہوگا تاہم 30 مئی سے 13 جون کے درمیان رجسٹریشن کرانے والے طلبہ کو 600 روپے لیٹ فیس ادا کرنا ہوگی۔رجسٹریشن کے لیے صرف وہی طلبہ اہل ہوں گے جن کی عمر یکم اگست 2025 تک کم از کم 11 سال 2 ماہ ہو۔ رجسٹریشن کا عمل آن لائن مکمل ہوگا تاہم سکولز کو رجسٹریشن دستاویزات کی ہارڈ کاپی متعلقہ بورڈ آفس میں بھی جمع کرانا ہوگی۔طلبہ کو رجسٹریشن کے دوران ب فارم بھی فراہم کرنا ہوگا۔